اُڈپی:21؍ڈسمبر (ایس او نیوز) چامراج نگر ضلع کے سلواڑی مارما مندر میں زہریلا پرساد کھا کر 17 لوگوں کی موت واقع ہونے کے بعد اب محکمہ مزراعی نے اپنی سرپرستی کے سبھی مندروں کے پکوان کمروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی نصب کرنے اور حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق منگلورو کی طرح اُڈپی ضلع میں بھی مزراعی محکمہ کے تحت کل 759منادر ہیں۔ اس کے علاوہ الگ الگ زمرے کے تحت تقسیم کے گئے مندر بھی محکمہ کی نگرانی میں ہیں۔ محکمہ کے مطابق گروپ اے میں 25، بی میں 19اور سی میں 759مندریں ہیں۔ مگر ان تمام منادر میں طعام ِ عام کا اہتمام بہت کم ہوتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کولور کی شری موکامبیکا مندر میں روزانہ عام طعام کا اہتمام کیاجاتاہے اور یہاں ہردن ہزاروں بھگت کھانا کھاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کمل شیلے شری درگا پرمیشوری، مارن کٹے شری برہم لنگیشور مندر میں بھی ہردن کھانے کا انتظام ہے۔ ان تمام مندروں میں ویسے تو پکوان کمروں میں جانے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، لیکن اب مندر انتظامیہ نے اسی ہفتہ یہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مارن کٹے مندر کے باورچی اور طعام گاہ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، یہاں پاکیزگی کے تعلق سے بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ کمل شیلے مندر کے پکوان کمرے اور کھانے کے ہال میں سی سی ٹی وی کیمروں کا اتنظام تو نہیں ہے البتہ متعلقہ ذمہ داران کا کہنا ہے کہ یہاں صاف صفائی کے تعلق سے کافی نگرانی کی جاتی ہے۔ اسی طرح شری کرشنا مٹھ جہاں عام دنوں میں دوپہر اور رات کو ملا کر دس ہزار لوگ کھانا کھاتے ہیں،کھانے کے کمروں میں سی سی ٹی وے کیمرے لگے ہوئے ہیں، مگر کچن میں کیمرے نصب کرنا باقی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ مندر مزراعی محکمہ کے ماتحت نہیں ہے۔ مگر مندارتی مندر میں کل 40سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔
مزراعی محکمہ اُڈپی کے تحصیلدار پرشانت شٹی نے بتایا کہ ضلع کے اے اور بی گریڈ والے مندروں کے پکوان کمروں اور اشیاء رکھنےو الے کمروں اور ہال میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ،بقیہ جگہوں پر کام جاری ہے۔ذرائع کے مطابق چامراج نگر میں ہوئی واردات کے بعد دیگر مندروں کی انتظامیہ پوری طرح بیدار ہوگئی ہے اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی دھیان دیاجارہا ہے۔